The traveler in search of truth and the eye of the camera: From the darkness of doubt to the light of certainty!
تلاشِ حق کا مسافر اور کیمرے کی آنکھ: تشکیک کے اندھیروں سے یقین کے اجالوں تک!
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ!
اللہ کی رحمت اور سلامتی ہو ان روحوں پر جو "کیوں" اور "کیسے" کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔
میں کوئی ولی نہیں، نہ ہی کسی گدی کا نشین۔
میں محض ایک "ادنیٰ طالبِ علم" ہوں, مگر ایسا طالبِ علم جس نے اپنی سلیٹ پر لکھے ہوئے موروثی عقائد کو مٹا کر، تحقیق کی سیاہی سے دوبارہ کلمہ لکھا ہے۔
میرے دوستو!
میرا تعارف صرف اتنا ہے کہ میں "مسلم" ہوں، مگر اس لیے نہیں کہ میں کسی مسلمان کے گھر پیدا ہوا۔ یہ تو ایک اتفاق (Chance) تھا، کمال نہیں۔
میرا کمال یہ ہے کہ میں نے الحاد (Atheism) کی بے نور وادیوں میں (کچھ عرصہ ہی صحیح پر ہاں) بھٹک کر دیکھا ہے، میں نے کمیونزم کے سرخ فلسفوں کی خاک چھانی ہے، میں نے تشکیک (Skepticism) کے کانٹوں پر ننگے پاؤں سفر کیا ہے۔
میں نے سائنس کے خدا اور مذہب کے خدا کا تقابل کیا ہے۔
اور اس طویل، تھکا دینے والے ذہنی سفر کے بعد، جب میں "زمان و مکاں" (Space-Time) کی بھول بھلیوں سے گزرا، تو مجھے کائنات کے ہر ذرے، ہر ایٹم اور ہر کہکشاں کے مرکز میں ایک ہی ذات نظر آئی۔
تب میں نے شعوری طور پر سر جھکایا اور پکار اٹھا: "لا الہ الا اللہ"۔
لہٰذا، اگر آپ مجھے لے کر کسی تشکیک، کسی پریشانی یا کسی ابہام کا شکار ہیں، تو جان لیجیے کہ یہ میرے لیے کوئی "معیوب" بات نہیں۔
جس نے خود شک کا زہر پی کر یقین کا تریاق ڈھونڈا ہو، وہ دوسروں کے شکوک سے گھبراتا نہیں، بلکہ مسکرا کر انہیں دعوتِ فکر دیتا ہے۔
کل ہی میں نے اس مقصد سے ایک نئے سفر کا آغاز کیا ہے۔ "یوٹیوب" کے اس ڈیجیٹل منبر پر قدم رکھا ہے۔
ہاں! مجھے اعتراف ہے کہ ابھی میری زبان میں وہ روانی اور میرے لہجے میں وہ ٹھہراؤ شاید نظر نہ آئے جو ایک "پیشہ ور" مقرر کا خاصہ ہوتا ہے۔
میں نے ابتک پوڈکاسٹس کی محفوظ پناہ گاہوں سے نکل کر اب براہِ راست کیمرے کی بے رحم آنکھ میں جھانکنے کی جرات کی ہے۔
یہ جو آپ کو میری پریزینٹیشن میں "کجی" یا "شائے نس" (Shyness) محسوس ہو رہی ہے، یہ دراصل اس "جنگ" کا حصہ ہے جو میں اپنے اندر لڑ رہا ہوں۔
لیکن یاد رکھیے گا!
میں ایک فاسٹ لرنر (Fast Learner) ہوں, میں گروں گا، سنبھلوں گا، اٹکوں گا، مگر رکوں گا نہیں۔
ان شاء اللہ، اس سیزن کے اختتام تک آپ دیکھیں گے کہ یہ جھجھک، یہ خوف، یقین کی اس طاقت میں بدل جائے گا جو دلوں کو تسخیر کرتی ہے۔
طے یہ پایا ہے کہ اب یہ مکالمہ رکے گا نہیں۔
🕒 ہر روز دوپہر 12 بجے تک: ایک "ویڈیو بلاگ" آئے گا، جو زندگی, دین اور سائنسی علوم کے فلسفوں پر ہوگا۔
🕙 ہر روز رات 10 بجے: ہماری سیریز "المیثاق: دی ڈیوائن کوڈ" کی ایک قسط اپلوڈ ہوگی، جو خالص علمی و تحقیقی ہوگی۔
میں آپ کو دعوت دیتا ہوں, سوال اٹھائیں!
میرے نظریات پر، میری تحقیق پر، کائنات کے رازوں پر۔
میں وعدہ کرتا ہوں کہ اللہ کی رضا کی خاطر، اور اس کے عطا کردہ محدود علم کے مطابق، میں ہر "منطقی" اور "مدلل" سوال کا جواب دوں گا۔
میں بھاگنے والوں میں سے نہیں، کیونکہ جو سچ کی تلاش میں نکلا ہو، اسے ہارنے کا ڈر نہیں ہوتا۔
ہدایت دینا میرا کام نہیں، یہ اس "ربِ احد" کا اختیار ہے جو دلوں کو پھیرتا ہے۔
میرا کام صرف "دستک" دینا ہے، دروازہ کھولنا یا نہ کھولنا آپ کا اور آپ کے رب کا معاملہ ہے۔
آئیے! اس سفر میں میرے ہم قدم بنیں۔ شاید کسی موڑ پر، کسی دلیل کی روشنی میں، ہمیں وہ سچ مل جائے جو ہماری روح کی پیاس بجھا سکے۔
والسلام،
آپ کا بھائی،
| The traveler in search of truth and the eye of the camera: From the darkness of doubt to the light of certainty! تلاشِ حق کا مسافر اور کیمرے کی آنکھ: تشکیک کے اندھیروں سے یقین کے اجالوں تک! |